حج 2027کے خواہشمند پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا آغاز
اسلام آباد۔:وزارت مذہبی امور نے حج 2027کے خواہشمند پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے، سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت آئندہ سال حج کی خواہش رکھنے والے تمام پاکستانی آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں ، یہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگی، رجسٹریشن کے بغیر کوئی حج درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
پیرکووزارت مذہبی امور میں حج 2027رجسٹریشن لانچنگ تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیر 22 جون سے حج رجسٹریشن کا آغاز کیا جارہا ہے ، آئندہ سال حج کے خواہشمند پاکستانی گھر بیٹھے رجسٹریشن کراسکیں گے۔
انہو ں نے کہا کہ ویب سائٹ پرجاکر رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے، رجسٹریشن کے بغیر کسی کی حج درخواست قبول نہیں کی جائے گی، رجسٹریشن کا عمل مفت ہے ، یہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جائے گی، اس موقع پر پاسپورٹ کا ہونا لازمی نہیں ہے تاہم حج کی بکنگ کے وقت عازمین کے پاسپورٹ کی معیاد 26 نومبر2027 تک ہونی چاہئے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلئے بھی پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن لازمی ہوگی ، عازمین کو رجسٹریشن کے وقت نجی اور سرکاری سکیموں میں سے کسی ایک کاانتخاب کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام خواہشمند پاکستانی عازمین کسی بھی تاخیرکے بغیر اپنی رجسٹریشن کرائیں اور اس سلسلے میں کسی غیرمصدقہ خبر پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حج 2026کےانتظامات انتہائی کامیاب رہے ، وزارت مذہبی امور کو سرکاری سکیم اور تین پرائیویٹ کمپنیوں کو اس مرتبہ بہترین حج انتظامات پر سعودی حکومت کی جانب سے ایوارڈ بھی دیا گیا ہے اور مجموعی طور پر حجاج کرام نے بھی حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جس پر ہم اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے جس پر ہم خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان ، وزیر مذہبی امور ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے خصوصی طور پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کے 80فیصد حاجیوں نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سہولت سے استفادہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا ہے جو ماضی میں 20 سے 30فیصد ہوا کرتا تھا، ہم نے شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حج اخراجات کا جائزہ لیا جارہا ہے کوئی بھی بچت ہوئی توحاجیوں کو واپس کی جائے گی، ہماری ہمیشہ سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ سرکاری سکیم کا حج مہنگا نہ ہو، زیادہ سے زیادہ لوگ یہ فریضہ ادا کرسکیں ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی وجہ سے حالات بہتر ہورہے ہیں ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں ، توقع ہے کہ حج اخراجات پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے ہمارا حج کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار بنتا ہے ، یہ بات ہم نے سعودی حکام کے گوش گزار کررکھی ہے ، حج کوٹے کا فیصلہ سعودی ایڈوائزری کونسل کرتی ہے۔
