یو اے ای کی جانب سے پاکستانیوں کو ویزوں کی بندش، برآمدات اور تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر
سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے لیے تمام کیٹیگریز کے ویزوں کا اجراء بند کیے جانے سے ملکی برآمدات اور بین الاقوامی تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت یو اے ای پاکستانی شہریوں کو کسی بھی کیٹیگری میں ویزے جاری نہیں کر رہا جبکہ اس فیصلے کی وجوہات بھی واضح نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویزوں کی بندش کے باعث پاکستانی تاجر برادری کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسماعیل ستار نے بتایا کہ آئندہ سال کے اوائل میں ہونے والی گلف فوڈ نمائش کے لیے بھی ویزا مسائل کے باعث کئی پاکستانی فوڈ کمپنیاں اپنی شرکت کی منصوبہ بندی نہیں کر پا رہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ان کے سیلز نمائندوں اور کاروباری وفود کو یو اے ای کے ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب کمپنیوں کے سیلز نمائندوں کو ویزے ہی جاری نہیں کیے جا رہے تو وہ نمائش میں اپنی مصنوعات کی نمائش اور خریداروں سے کاروباری روابط کیسے قائم کریں گے۔
اسماعیل ستار نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھائے تاکہ پاکستانی تاجروں، برآمد کنندگان اور کاروباری وفود کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے اور ملکی برآمدات پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔
