کسی بھی غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، محسن نقوی

29 April 2026 | 10:05

اسلام آباد۔: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سی ڈی اےریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن 120 دن میں کی جائے گی، کسی بھی غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔

بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس میں اسلام آباد میں جاری عوامی منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن 120 دن میں کی جائے گی،شہری خود درخواستوں کا اپ ڈیٹ سٹیٹس معلوم کر سکیں گے۔ کسی بھی غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نئےکنونشن سینٹر ، ایکسپو سینٹر اور اسلام آبار ارینہ کی تعمیر کیلئے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل ہوگئی ہے۔وزیرداخلہ نے اس کی تعمیر ایس سی او سمٹ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایف 6 میں خدمت مرکز پراجیکٹ کے لئے اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے جدید تفریحی سہولیات کے فروغ کیلئے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک پر کام کا جلد آغاز کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جدید سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے ایف نائن پارک کو ہائیڈ پارک کی طرز پر اور شاہدرہ ڈیم کے ساتھ تفریحی سہولیات کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔

انہوں نے ایکسپریس وے اور کلب روڈ کی بیوٹیفیکیشن اور لائٹنگ پر بھی کام فوری شروع کرنے کا حکم دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نےسی ڈی اے میں کرپشن سکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور ممبر سٹیٹ زمان وٹو کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی فرد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایکسپریس وے پر سروس روڈ کی تعمیر پلاننگ ڈویژن کی منظوری کے بعد شروع ہوگی۔