چین، آتش بازی کے پلانٹ میں دھماکے سے 21 افراد ہلاک، 61 زخمی
بیجنگ۔:چین کے صوبہ ہنان میں آتش بازی کے پلانٹ میں دھماکے سے 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔
شنہوا کے مطابق حکام نے منگل کو بتایا کہ یہ دھماکہ گزشتہ شام کو تقریباً 4 بج کر 43 منٹ پر لیویانگ شہر میں واقع پلانٹ میں ہوا، جوصوبائی دارالحکومت چانگشا کے زیر انتظام ایک کاؤنٹی سطح کا شہر ہے۔
یہ پلانٹ ہواشینگ فائر ورکس مینوفیکچرنگ اینڈ ڈسپلے کمپنی کا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے لیے پانچ ٹیموں پر مشتمل 480 سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ تین ریسکیو روبوٹس بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ چونکہ دھماکے کا مقام دو بلیک پاؤڈر گوداموں کے قریب واقع ہے، اس لیے امدادی کارکنوں نے قریبی رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے اور کسی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے ایک حفاظتی زون قائم کیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی تلاش کے بعد جانی نقصان کی تصدیق کر دی تھی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تلاش کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔
وزارت برائے ہنگامی امور نے ماہرین کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں کی رہنمائی کی جا سکے۔ پولیس نے کمپنی کے ذمہ دار شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
