چارسدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس جاں بحق

05 May 2026 | 04:51

پشاور۔: چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق ایم پی اے مولانا محمد ادریس جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مولانا محمد ادریس اپنے گھر سے مدرسے جا رہے تھے کہ اس دوران گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ محمد وقاص کے مطابق واقعے میں مولانا ادریس کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔ابتدائی طور پر واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اصل حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

ممتاز عالم دین شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت کے واقعہ پر عوام میں کافی غم و غصہ پایا جا رہا ہے، مشتعل عوام نے اس حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تنگی روڈ بند کر دیا، جس سے گاڑیوں‌کی لمبی قطاریں‌لگ گئیں۔