پاک سوزوکی کی پہلی الیکٹرک گاڑی فرونکس کی لانچنگ تاریخ کا اعلان
اسلام آباد: کارساز کمپنی سوزوکی نے پاکستان میں اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی فرونکس کی لانچنگ تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاک وہیلز کے مطابق سوزوکی آنے پاکستان میں فرونکس ایس یو وی لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اب فرونکس کی لانچ کی باضابطہ تصدیق ہو گئی۔
اس سے پہلے کمپنی نے کہا تھا کہ گاڑی 2026 میں لانچ کی جائے گی۔اس دوران کمپنی فرونکس کے ٹیزرز جاری کرتی رہی اور کچھ پی آر ایونٹس بھی منعقد کیے۔

اب سوزوکی نے تصدیق کی ہے کہ فرونکس 6 مئی کو لانچ کی جا رہی ہے۔
سوزوکی فرونکس کیا ہے؟
سوزوکی فرونکس ایک سب کمپیکٹ کراس اوور ایس یو وی ہے جسے سوزوکی اپنی اصطلاح میں “ایکس یو وی” کہتی ہے۔
اس گاڑی میں 1.5 لیٹر انجن استعمال کیا گیا ہے جو تقریباً 104 ہارس پاور اور 126 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔
پاکستان میں یہ دو پاور ٹرینز میں دستیاب ہوگی:
ہائبرڈ
نان ہائبرڈ
بین الاقوامی سطح پر یہ ایس یو وی ایشیا اور اوشیانا کے متعدد ممالک میں دستیاب ہے، جن میں بھارت، انڈونیشیا، جاپان، فلپائن، تھائی لینڈ، ملائیشیا، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
پاکستان بھی دو ہفتوں بعد اس فہرست میں شامل ہو رہا ہے۔
بھارت فرونکس کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے جو سب سے زیادہ یونٹس تیار اور دیگر ممالک کو برآمد کرتا ہے۔
بھارت اور انڈونیشیا اس گاڑی کو تیار یا اسمبل کرتے ہیں جبکہ پاکستان تیسرا ملک ہوگا جو یہ گاڑی تیار یا اسمبل کرے گا جبکہ دیگر تمام ممالک اسے درآمد کرتے ہیں۔
فرونکس مقامی طور پر اسمبل کی جا رہی ہے اور یہ پاکستان میں پاک سوزوکی کی پہلی اسمبل ہونے والی ایس یو وی بن جائے گی۔
یہ گاڑی پاک سوزوکی کی پہلی ہائبرڈ گاڑی بھی ہے۔ اس سے پہلے کمپنی نے ملک میں کوئی ہائبرڈ بیج والی گاڑی فروخت نہیں کی۔

متوقع قیمت
اس وقت سوزوکی سوئفٹ پاک سوزوکی کی سب سے مہنگی گاڑی ہے جس کی قیمت تقریباً 48 لاکھ روپے ہے اور فرونکس یقیناً اس سے زیادہ مہنگی ہوگی جس سے یہ کمپنی کی پاکستان میں سب سے مہنگی گاڑی بن جائے گی۔
یہ گاڑی 6 مئی کو لانچ کی جائے گی۔
