پاکستان ہاؤس سنگاپور میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب
سنگاپور: پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ہاؤس سنگاپور میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی، ہائی کمیشن کے افسران اور ان کے اہل خانہ نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، ہائی کمشنر پاکستان رابعہ شفیق نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے
اس موقع پر ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے کہا کہ پاکستانی دنیا بھر میں یومِ آزادی آزادی، اتحاد اور قومی ترقی کے عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت اور تحریکِ پاکستان کے لیے جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اس سال قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش مختلف تقریبات کے ذریعے منا رہی ہے، پاکستانی قوم کی استقامت اور عزم ہماری قومی قوت کا مظہر ہے، پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے کو درپیش بدلتے ہوئے امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ ہے، پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرونِ ملک پاکستان کی ثقافت اور مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کا اختتام پاکستان کے امن، سلامتی، استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ کشمیر سمیت دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں
