لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل میں راولپنڈی کی نمائندگی کرنے والے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیرل مچل نے کہا ہے کہ پاکستان واپس آ کر انہیں بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرل مچل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین فاسٹ بائولرز موجود ہیں اور فاسٹ بائولنگ ڈیپارٹمنٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی بائولرز اپنی صلاحیتوں کی بدولت عالمی کرکٹ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور اوورسیز پلیئرز وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کریں تاکہ وہ اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکیں اور مستقبل میں ٹیم کے لیے موثر ثابت ہوں۔

ڈیرل مچل نے گزشتہ سیزن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرکو ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی اٹھاتے دیکھنا ایک یادگار لمحہ تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ راولپنڈی کی ٹیم کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا سلسلہ شروع ہوگا اور ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔