ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا 2026، صنعتی ترقی اور عالمی تعاون کا اہم سنگِ میل

18 May 2026 | 05:03

اسلام آباد۔: ایس آئی ایف سی کے تحت ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر 2026کراچی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس نے پاکستان کے صنعتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک نئے دور کی بنیاد رکھ دی۔

اس عالمی نوعیت کے صنعتی ایونٹ میں چین سمیت مختلف ممالک کے صنعتی وفود، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور تجارتی اداروں نے بھرپور شرکت کی۔

نمائش کے دوران صنعتی تعاون، جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ سرمایہ کاری، برآمدات کے فروغ اور کاروباری روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

مختلف ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی جدید مصنوعات، صنعتی مشینری، مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی اور کاروباری منصوبے پیش کیے، جس سے پاکستان کی صنعتی استعداد اور سرمایہ کاری کے مواقع عالمی سطح پر اجاگر ہوئے۔

ماہرین کے مطابق اس ایونٹ نے پاکستان کو خطے میں ایک ابھرتی ہوئی صنعتی اور تجارتی منڈی کے طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے عالمی صنعتی میلوں سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی صنعت، روزگار، برآمدات اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کو بھی فروغ ملے گا۔

یہ ایونٹ پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے، صنعتی اشتراک بڑھانے اور پائیدار معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔