وزیراعظم کی سکھ برادری کو بیساکھی پر مبارکباد
اسلام آباد۔:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب کے روایتی، ثقافتی اور سکھ برادری کے مذہبی تہوار ’’بیساکھی ‘‘کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کے تہواروں کا احترام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے، اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و مذہب تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے ضامن ہیں۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے منگل کو جاری پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب کے روایتی، ثقافتی اور سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری اور اس دن کو منانے والوں کو دلی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ روایتی اورثقافتی سطح پر کسان کی سخت محنت کے بعد فصل کے بار آور ہونے اور کٹائی کے لئے تیار ہونے کی خوشی میں پنجاب بھر میں سکھ برادری بیساکھی کے میلوں کا اہتمام کرتی ہے، یہ تہوار انسانیت کے مثبت پہلو اور محنت کے صبر آزما مراحل کے بعد ثمرات پردلی مسرت کا اظہار ہے،یہ محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزار ہونے کا پیغام دیتا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان کے گوردوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) اور جنم استھان (ننکانہ صاحب) میں بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آتے ہیں ،حکومت آنے والے تمام سکھ و ہندو یاتریوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے اور تہوار کے دنوں میں مذہبی مقامات پر یاتریوں کی ہر ممکن سہولت کے لئے اقدامات کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مثبت اور کثیر الجہتی ثقافتی رنگ ہی معاشرتی تنوع اور زندہ دل معاشرے کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی ثمرات کو خوش دلی سے منانا ہی سماجی اتحاد کو مضبوط کرنے کا باعث ہے،مختلف مذاہب کے مذہبی تہواروں کا احترام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و مذہب تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے ضامن ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے بنیادی انسانی، مذہبی اور شہری حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے،آئیے آج خوشی کے دن عالمی امن و استحکام اور فلاح انسانیت کے لیے بھی خصوصی دعا کریں۔ آپ سب کو بیساکھی کی خوشیاں مبارک ہوں۔
