وزیراعظم شہباز شریف 15 سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا دورہ کریں گے

15 April 2026 | 05:39

اسلام آباد۔: وزیراعظم محمد شہباز شریف 15 سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔

بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب اور قطر کے دورے دوطرفہ تناظر میں ہوں گے جہاں وزیرِاعظم سعودی عرب اور قطر کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور جاری دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم ترکیہ کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ 5 ویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ فورم کے دوران وزیرِاعظم دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ لیڈرز پینل میں شرکت کریں گے اور اہم عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

فورم کے موقع پر وزیرِاعظم کی متعدد دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات بھی شامل ہے جبکہ دیگر اہم عالمی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ اس فورم میں پاکستان کی شرکت تعمیری سفارتکاری، کثیرالجہتی تعاون اور عالمی برادری کے ساتھ اہم عالمی مسائل پر بامعنی روابط کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم ووزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔