ورلڈ ایکواٹکس کا بڑا فیصلہ، روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹس پر پابندیاں ختم
ماسکو۔:عالمی تیراکی کے ادارے ورلڈ ایکواٹکس نے اعلان کیا ہے کہ روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹس پر عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور اب انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے قومی پرچم اور قومی ترانوں کے ساتھ شرکت کی اجازت ہوگی۔
شنہوا کے مطابق ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ ایکواٹکس بیورو کے فیصلے اور ایتھلیٹس کی دیانت داری سے متعلق یونٹ اور ایتھلیٹس کمیٹی سے مشاورت کے بعد یہ طے پایا ہے کہ سیاسی تنازع کے دور میں کھیلوں میں شرکت سے متعلق رہنما اصول اب سینئر سطح کے روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر لاگو نہیں ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب روس اور بیلاروس کی کھیلوں کی شہریت رکھنے والے کھلاڑی ورلڈ ایکواٹکس کے تمام مقابلوں میں دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کی طرح ہی شرکت کر سکیں گے اور انہیں اپنی قومی وردی، پرچم اور قومی ترانے کے ساتھ مقابلے کی اجازت ہوگی۔
اس سے قبل ادارے نے اپنے رہنما اصولوں میں ترمیم کرتے ہوئے جونیئر سطح کے کھلاڑیوں کو بھی محدود شرائط کے تحت شرکت کی اجازت دی تھی، تاکہ وہ اپنے ہم عمر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔
روسی وزیر کھیل اور روسی اولمپک کمیٹی کے صدر میخائل دیگتیاریف نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر بین الاقوامی کھیلوں میں واپس لانے کے لئے اہم پیش رفت ہے۔ورلڈ ایکواٹکس کے آئین کے مطابق روس اور بیلاروس کی رکنیت کے تمام حقوق بھی مکمل طور پر بحال کر دئیے گئے ہیں۔
