میٹرک امتحانات، اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کے پرچوں کے لیے اہم ہدایات جاری
سرگودھا ۔: انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ سرگوھانے جاری میٹرک امتحانات کے حوالے سے جوابی کاپیوں کے استعمال سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نظر عباس نے کہاہے کہ اس سال پہلی مرتبہ مطالعہ پاکستان کا پرچہ 100 نمبروں پر مشتمل ہوگا، جس کے بارے میں پہلے ہی مطلع کیا جا چکا ہے۔ڈاکٹر نظر عباس کا کہنا تھا کہ اسلامیات لازمی اور مطالعہ پاکستان کے 100 نمبروں کے پرچہ جات کے لیے امیدواروں کو 24 صفحات پر مشتمل جوابی کاپی فراہم کی جائے گی۔ امتحان کے دوران کسی بھی طالب علم کو کوئی اضافی شیٹ فراہم نہیں کی جائے گی، لہذا طلبہ اپنا تمام پیپر انہی 24 صفحات کے اندر مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
تعلیمی بورڈ نے طلبہ کو جوابی کاپی کے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہاہے کہ جواب لکھتے وقت صفحات پر لائنیں نہ چھوڑی جائیں۔ جوابی کاپی کا کوئی بھی صفحہ خالی نہ چھوڑا جائے۔ کاپی پر حاشیہ لگانے کے لیے ضرورت سے زیادہ جگہ نہ چھوڑی جائے تاکہ لکھنے کے لیے زیادہ جگہ میسر آ سکے۔طلبہ اپنے جوابات کو جامع اور معیاری رکھیں تاکہ وہ مقررہ صفحات میں سما سکیں۔
کنٹرولر امتحانات کا مزید کہنا تھا کہ صفحات کی محدود تعداد سے مارکنگ کے عمل پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ امیدواروں کو ان کے لکھے گئے مواد کی قابلیت، معیار اور درستگی کے مطابق ہی نمبر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام امتحانی مراکز کے سپرنٹنڈنٹ صاحبان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیپر شروع ہونے سے قبل امیدواروں کو جوابی کاپی کے درست استعمال کے بارے میں لازمی آگاہی فراہم کریں۔
والدین سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ان نئی ہدایات سے آگاہ کریں تاکہ وہ ذہنی طور پر تیار ہو کر امتحان میں شامل ہوں۔
