موٹرسائیکلز اور تھری ویلرز کی فروخت میں اضافہ
اسلام آباد۔: ملک میں موٹرسائیکلز اور تھری ویلرز کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔
پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 14 لاکھ ایک ہزار114یونٹس موٹرسائیکلز کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 32فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 10 لاکھ 59ہزار898یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ مارچ میں 163156 یونٹس موٹرسائیکلز کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 31فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں ملک میں 124124یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ملک میں 29977یونٹس تھری ویلرز کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں معمولی زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں تھری ویلرز کے 29841یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔
مارچ میں ملک میں 3477یونٹس تھری ویلرز کی فروخت ہوئی جو فروری کے 3939یونٹس کے مقابلے میں 12فیصد کم اور گزشتہ سال مارچ کے 3200یونٹس کے مقابلے میں 9فیصد زیادہ ہے۔
