ملک میں اگلے 7 دن تک انٹرنیٹ سست رہنے کا امکان

11 May 2026 | 04:57

اسلام آباد۔: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل) نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ اس کے ایک سب میرین کیبل میں خرابی کی مرمت کے لیے رواں ہفتے شیڈول مینٹیننس کی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ مرمتی کام انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کی جانب سے 11 مئی 2026 سے شروع کیا جائے گا جو 18 مئی 2026 تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

اس دوران صارفین کو انٹرنیٹ سروس میں خصوصاً شام کے اوقات میں سست رفتاری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

پی ٹی سی ایل نے خبردار کیا ہے کہ مرمت کے جاری کام کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے جبکہ بعض اوقات سروس میں تعطل بھی پیش آ سکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبل میں موجود خرابی کو دور کرنے کے لیے یہ مینٹیننس ضروری ہے، جس سے طویل مدت میں انٹرنیٹ سروس کے معیار اور استحکام میں بہتری آئے گی۔ پی ٹی سی ایل انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کے ساتھ مل کر مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، تاہم صارفین کو عارضی رکاوٹوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ٹی سی ایل نے اس دوران صارفین کو پیش آنے والی ممکنہ پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضروری مرمت مکمل ہونے کے بعد سب میرین کیبل کی مکمل بحالی اور بہتر سروس کارکردگی یقینی بنائی جائے گی۔