غزہ امدادی فلوٹیلا پر حملے سمندری قزاقی اور بدمعاشی ہے، ترکیہ کی اسرائیل پر سخت تنقید

19 May 2026 | 04:25

انقرہ ۔: ترکیہ نے غزہ جانے والے انسانی امدادی فلوٹیلا پر حملوں کو ’’سمندری قزاقی اور بدمعاشی‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شنہوا کے مطابق ترک صدر نے دارالحکومت انقرہ میں کابینہ اجلاس کے بعد قوم سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی مشن کو نشانہ بنانا فلسطینیوں کے لیے عالمی یکجہتی کو کمزور نہیں کر سکتا بلکہ انصاف کے مطالبے کو مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ’’غیر قانونی اقدامات‘‘ کے خلاف فوری کردار ادا کرے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی کمانڈوز نے غزہ کی جانب جانے والے امدادی جہازوں کو روک دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق “گلوبل صمود فلوٹیلا” کے تحت 50 سے زائد جہاز ترکیہ کے ساحل مارماریس سے روانہ ہوئے تھے تاکہ غزہ کے محاصرے کو توڑ کر انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کے جہازوں کو بین الاقوامی پانیوں میں تقریباً 250 ناٹیکل میل کے فاصلے پر روکا گیا۔