سکیورٹی فورسز کا بنوں میں آپریشن، انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت 2 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی۔: سکیورٹی فورسز نے بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو خوارج سرغنہ وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبارکو ہلاک کر دیا۔
پیر کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو خوارج جن میں خارجی سرغنہ وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبارکو ہلاک کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے ایک خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔خارجی سرغنہ وحید اللہ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو شہید کرنےسمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔
وہ 21 فروری 2026 کو بنوں ضلع میں ہونے والے ایک خودکش حملے کا مرکزی ہینڈلر بھی تھاجس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ آپریشن نہ صرف اس گھناؤنے عمل کا بدلہ ہے بلکہ مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ایک بڑے سانحے کو بھی ناکام بنایا۔
علاقے میں موجود دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہےجبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
