سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت 1.3 ارب ڈالر موصول

13 May 2026 | 04:42

اسلام آباد۔: سٹیٹ بینک آف پاکستان کو آ ئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) پروگراموں کے تحت 1.3 ارب امریکی ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔

سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی 2026 کو ہونے والے اجلاس میں ای ایف ایف پروگرام کے تیسرے جائزے کی تکمیل کے بعد پاکستان کے لیے 760 ملین ایس ڈی آر کی قسط کی منظوری دی تھی۔ اسی اجلاس میں آر ایس ایف پروگرام کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی دوسری قسط کی بھی منظوری دی گئی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق 12 مئی 2026 کو آئی ایم ایف کی جانب سے مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر، جو تقریباً 1.3 ارب امریکی ڈالر کے مساوی ہیں، موصول ہوئے۔

سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ یہ رقم 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل کر لی جائے گی۔