روٹ ٹو مکہ، باسہولت سفر حج پر عازمین حج کی ستائش

19 April 2026 | 07:50

اسلام آباد۔: حج کیلئے حجاز مقدس روانگی اور سہولیات کے حوالہ سے ملک بھر سے عازمین حج نے روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت سعودی عرب کیلئے سفر شروع کر دیا ہے،عازمین حج نے موثر انتظامات اور پرتپاک استقبال کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کی حکومتوں کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں اور تعاون پر اظہار تشکر کیا ہے۔

پی ٹی وی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سالوں کے مقابلے میں رواں سال روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت امیگریشن کی سہولیات کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کیا گیا ہے جس سے حاجیوں کے لیے با سہولت اور زیادہ باوقار پروسیسنگ کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس سہولت کے تحت حجاز مقدس روانہ ہونے والے عازمین حج نے بہتر انتظامات کے لیے حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سفر کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔

فیصل آباد، سیالکوٹ، لاہور اور ملتان سے تعلق رکھنے والے عازمین حج نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے فراہم کیے گئے غیر معمولی انتظامات کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت نے بڑی تعداد میں مسافروں کو آسانی اور استعداد کے ساتھ ایڈجسٹ کرنے کے لیے توقعات سے بڑھ کر سہولیات کا اہتمام کیا ہے۔

ایک خاتون عازم حج نے بتایا کہ اس سال مسافروں پر کوئی بوجھ یا دشواری نہیں کیونکہ امیگریشن کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے جس سے عازمین حج کو طویل تاخیر یا پیچیدگیوں کے بغیر اپنے طریقہ کار کو آسانی سے مکمل کرنے کی اجازت دی گئی۔ اسی طرح ایک اور عازم حج نے کہا کہ امیگریشن کے عمل کے دوران وقت کی خاصی بچت ہوئی، بہتر نظام نے تیز رفتار پروسیسنگ کو یقینی بنایا اور انتظار کے اوقات کو کم کیا ہے جس سے مجموعی سفر پہلے سے کہیں زیادہ آرام دہ ہو گیا۔

عازمین حج نے بہترین سہولیات،عملہ کے گرمجوش رویہ اور خوش آئند ماحول کی تعریف کی اور مہمان نوازی کو بھی سراہا۔ انہوں نے عازمین حج کو فراہم کیے گئے تحائف کے حوالہ سے کہا کہ اس سے ہمارا سفر واقعی یادگار بن گیا ہے۔