اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں، پاکستان اور چین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات میں مزید وسعت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں چار رکنی وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سروس لانگ مارچ جیسے جوائنٹ وینچرز دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی ، ملازمت کے نئے مواقع ، ٹیکنالوجی کی اشتراک اور برآمدات میں اضافے کے لئے انتہائی ضروری ہیں، چیئرمین سروس لانگ مارچ جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست نظام اور حکومتی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔

وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سروس لانگ مارچ برآمدات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ، سال 2024-2025 میں کمپنی کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا،

بریفنگ کے مطابق وفاقی سرمایہ کاری بورڈ سروس لانگ مارچ ٹائرز کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے ۔

نوری آباد ،سندھ میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کے سول ڈویلپمنٹ زون (Sole development zone)کے قیام کے حوالےسے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ نے تمام ضروری سہولیات مہیا کیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔