حج 2026: سعودی وزارت حج کا ڈیجیٹل انقلاب، پاکستانی عازمین کے لیے سہولیات میں بڑی پیش رفت
مکہ مکرمہ۔:سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حج سیزن 2026 کے لیے ‘الیکٹرانک ٹریک’ کے ذریعے قبل از وقت تیاریوں میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی عازمین سمیت دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمن کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر خدمات کے حصول میں غیر معمولی آسانی میسر آئے گی۔
سعودی وزارت حج کے مطابق اس الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے 250 سے زائد ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس سسٹم کی بدولت حج کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عازمین کے سفر کو مزید منظم اور موثر بنایا جا سکے۔
پاکستانی عازمین کے لیے اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ان کی آمد سے قبل ہی ان کی ضروریات کا ڈیٹا یکجا کر لیا جاتا ہے، جس سے وہاں پہنچنے پر کسی بھی قسم کی تاخیر کا خدشہ ختم ہو جاتا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس مطابق الیکٹرانک ٹریک ایک ایسے متحد پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے جو عازمین کی رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کے معاملات کو براہ راست کنٹرول کرتا ہے۔
ڈیٹا کے اس جدید تبادلے سے مختلف اداروں کے مابین کام کی رفتار میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے، جس سے پاکستانی حجاج کو مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں نقل و حرکت کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزارت حج و عمرہ نے اس ڈیجیٹل سسٹم کو فعال بنانے کے لیے اب تک 378 تربیتی ورکشاپس منعقد کی ہیں، جبکہ مختلف ممالک کے حج دفاتر کے ساتھ 150 سے زائد اجلاس بھی کیے جا چکے ہیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد عازمین کے لیے بنائے گئے آپریشنل منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ دورانِ حج کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
پاکستانی عازمینِ حج کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یہ ڈیجیٹل تبدیلی سعودی ویژن 2030 کے تحت ضیوف الرحمن کے تجربے کو خوشگوار بنانے کا حصہ ہے۔
جدید تکنیکی حل اور ڈیجیٹل انضمام کی بدولت تیاری کے مرحلے سے لے کر مناسک حج کی ادائیگی تک، عازمین کو ایک عالمی معیار کا اور مربوط سفری ماحول فراہم کیا جائے گا۔
