تھائی لینڈ، مسافروں میں ہینٹا وائرس کی سکریننگ کے لیے سخت اقدامات کا آغاز

12 May 2026 | 11:07

بنکاک۔: تھائی لینڈ نے جنوبی امریکا سے آنے والے مسافروں میں ہینٹا وائرس کی سکریننگ کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

شنہوا کے مطابق محکمہ امراض کنٹرول نے منگل کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سیاحت کو محفوظ رکھنا ہے ۔

محکمہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ تھائی لینڈ میں اب تک ہینٹا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم محکمے نے کہا ہے کہ گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران جنوبی امریکا کے 13 ممالک کا سفر کرنے والے افراد کے لیے لازمی سکریننگ کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔

محکمے کے ڈائریکٹر جنرل مونٹین کاناساواڈسے نے بتایا کہ ان خطرناک علاقوں سے آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر بیماری کنٹرول افسران کو رپورٹ کرنا ہوگا اور امیگریشن سے قبل صحت کے اعلان نامے کے ذریعے اپنی تفصیلی طبی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ جنوب مشرقی ایشیا کے اس ملک کے تمام 74 بین الاقوامی داخلہ مقامات پر صفائی اور کیڑے مکوڑوں پر کنٹرول کے اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں، خاص طور پر بحری جہازوں اور بین الاقوامی ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

حکام نے 9 مئی تک جنوبی امریکا سے آنے والے مجموعی طور پر 470 مسافروں کی سکریننگ کی ہے، جن کی روزانہ اوسط آمد 157 افراد رہی، جبکہ ان میں زیادہ تر مسافر بنکاک کے سوورنابھومی ایئرپورٹ کے ذریعے داخل ہوئے۔

محکمے نے شہریوں اور ان مسافروں کو جو خطرناک علاقوں سے واپس آ رہے ہیں، ہدایت کی ہے کہ اگر انہیں تیز بخار یا سانس لینے میں دشواری ہو، خصوصاً چوہوں کے ساتھ رابطے کے بعد، تو فوری طور پر طبی مدد حاصل کریں۔ ■