ترکیہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی

19 May 2026 | 04:06

انقرہ ۔: ترکیہ کے جنوبی صوبے مرسین میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق یہ واقعات ایک ریسٹورنٹ تنازعے سے جڑے ہوئے تھے۔رپورٹ کے مطابق پہلا واقعہ ضلع چاملی یایلا میں پیش آیا جہاں ایک مسلح شخص نے مبینہ طور پر سڑک پر اپنی سابقہ اہلیہ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

بعد ازاں ملزم ضلع طرسوس میں واقع ایک ریسٹورنٹ پہنچا اور گاڑی سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ریسٹورنٹ کا مالک اور ایک ملازم جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم کا ریسٹورنٹ مالکان کے ساتھ پہلے سے تنازع چل رہا تھا۔

فائرنگ کے دوران قریب موجود ایک چرواہا بھی زخمی ہوا جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ رپورٹ کے مطابق ملزم نے ایک اور علاقے میں مزید دو افراد کو بھی قتل کر دیا۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فضائی اور زمینی سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

مرسین اور پڑوسی صوبے ادانا میں مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کی گئیں جبکہ ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے علاقے کی نگرانی جاری رہی۔

واضح رہے کہ اپریل میں جنوب مشرقی ترکیہ میں سکول فائرنگ کے دو الگ واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور تقریباً 30 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں سکولوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔