بیجنگ: چین کے سٹار کھلاڑی شی یوکی اور جنوبی کوریا کی این سی ینگ نے بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ کے مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اپنے ابتدائی میچز جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
شنہوا کے مطابق بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے چین کے شہر ننگبو میں جاری ہیں۔ ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ چینی کھلاڑی شی یوکی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تائیوان کے حریف کھلاڑی لی چیا ہاؤ کو سٹریٹ سیٹس میں 15-21 اور 17-21 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
میچ کے بعد شی یوکی کا کہنا تھا کہ وہ اب تک بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ جیتنے میں ناکام رہے ہیں اور اس بار وہ اس ریکارڈ کو بدلنے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ تھامس کپ کے لیے توانائی بچانے کے بجائے یہاں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جنوبی کوریا کی عالمی نمبر ون این سی ینگ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنگاپور کی حریف کھلاڑی یو جیا من کو صرف 40 منٹ بعد سٹریٹ سیٹس میں 15-21 اور 10-21 سے ہرا کر اپنی برتری ثابت کر دی۔
جنوبی کوریا کی فاتح کھلاڑی این سی ینگ کا پری کوارٹر فائنل میں مقابلہ ویتنام کی کھلاڑی سے ہوگا۔









