ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ: پاکستان نے 5 میڈلز جیت لئے
اسلام آباد۔:33ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 میڈلز اپنے نام کر لیے۔
پاکستان کی جانب سے مختلف کیٹیگریز میں 8 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں سے 5 کھلاڑی میڈلز جیتنے میں کامیاب رہے۔ قومی ٹیم نے 2 گولڈ، ایک سلور اور 2 برانز میڈلز حاصل کیے۔
نعمان خان نے بوائز انڈر 17 کے فائنل میں بھارت کے شیوین اگروال کو 1-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔ میچ کا اسکور 10-12، 11-7، 11-2 اور 11-5 رہا۔
احمد ریان خلیل نے بوائز انڈر 15 کے فائنل میں ملائیشیا کے ویدھررن روتھیرن کو مسلسل تین گیمز میں شکست دے کر پاکستان کو دوسرا گولڈ میڈل دلایا۔
میچ کا اسکور 11-7، 11-3 اور 11-4 رہا۔
سلور میڈل میں گرلز انڈر 15 کیٹیگری میں ماہنور علی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔ فائنل میں انہیں چین کی زی یوان ین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
محمد عمیر عارف نے بوائز انڈر 17 جبکہ محمد سہیل عدنان نے بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں برانز میڈلز جیتے۔اس کے علاوہ عبداللہ،عبداللہ نواز اور مصطفی خان کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ سحر علی تیسرے راؤنڈ تک پہنچیں۔
پاکستان کی یہ کامیابی عالمی سطح پر جونیئر سکواش میں ملک کے روشن مستقبل کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔
