
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں متعین امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے حالیہ جنگ بندی کے عمل کا خیر مقدم کیا۔ امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مضبوط سفارتی کردار کو سراہا اور اسے خطے کے استحکام کے لیے کلیدی قرار دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد میں کل ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ذکر کیا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیوٹکوف اور کرشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے۔
غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں کو ہر لحاظ سے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کر لیا گیا ہے، جس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
امریکی سفیر نے پاکستان کی جانب سے امن و امان کے لیے مخلصانہ کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔










