آسٹریلیا کا آبنائے ہرمز کے تحفظ کے لیے برطانیہ اور فرانس کے مشن میں شامل ہونے کا اعلان
کینبرا۔: آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت کے تحفظ کے لیے برطانیہ اور فرانس کی قیادت میں قائم کیے جانے والے ’’خالصتاً دفاعی‘‘ کثیر القومی فوجی مشن کی حمایت کے لیے تیار ہے۔
شنہوا کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے بدھ کو بیان میں کہا کہ مشن کے قیام کے بعد آسٹریلیا اس میں ای۔7 اے ویج ٹیل نگرانی طیارہ فراہم کرے گا۔
انہوں نے یہ اعلان 40 سے زائد ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے بعد کیا، جہاں شرکاءنے اس اہم بحری گزرگاہ میں جہاز رانی کی آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کثیر القومی فوجی مشن جاری سفارتی رابطوں اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے، جبکہ یہ بین الاقوامی تجارت کے تحفظ کے لیے عملی عزم کا بھی مظہر ہے۔
وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ یہ تنازع جتنا زیادہ طول پکڑے گا، آسٹریلیا پر اس کے اثرات اتنے ہی زیادہ نمایاں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ ■
